منگلورو 26؍اکتوبر(ایس او نیوز) مینگلور، اُڈپی اور بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے عوام کے لئے خوش خبری یہ ہے کہ مینگلور سے اب شارجہ کے لئے بھلے ہفتہ میں ایک بار ہی صحیح، ایک نئی فلائٹ سروس شروع کی جارہی ہے
ایئر انڈیا ایکسپریس کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق منگلورو سے شارجہ کے لئے براہ راست ہفتہ واری فلائٹ کا آغاز 31اکتوبر سے ہوگا ۔
ذرائع کے مطابق ہر منگل کو یہ فلائٹ شارجہ کے لئے روانہ ہوگی اور شارجہ سے اُسی دوپہر مینگلور کے لئے اُڑان بھرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈیا ایکسپریس کی فلائٹ نمبرIX883ہر منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح 8.40بجے منگلورو ایئر پورٹ سے اڑان بھرے گی اوردبئی کے وقت کے مطابق11.05بجے شارجہ پہنچے گی۔شارجہ سے یہی فلیٹ وہاں کے وقت کے مطابق12.05بجے واپس منگلورو کے لئے اڑان بھرے گی اور ہندوستانی وقت کے مطابق شام 17.10بجے منگلورو ایئر پورٹ پر اترے گی۔
خیال رہے کہ منگلورو سے فی الحال ایئر انڈیا ایکسپریس کی براہ راست فلائٹس دبی ، ابوظہبی، بحرین ، کویت، مسقط ، دمام اور دوحہ کے لئے روانہ ہورہی ہیں۔ توقع ہے کہ اس نئی فلیٹ سے ساحلی علاقہ کے عوام کو مزید سہولت ہوگی۔